لا افسروں کی برطرفی: پنجاب حکومت، اٹارنی و ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پنجاب کے سابق لاء افسروں کی برطرفیوں کے خلاف درخواستوں پر پنجاب حکومت، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت 97 لاء افسران کی برطرفی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے برطرفیوں کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔ لا افسروں کے وکیل عابد زبیری نے کہا پنجاب کے لاء افسران کی برطرفیوں کا آرڈر معطل کرنے کی استدعا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے صرف فریقین کو نوٹسز جاری کر رہے ہیں، حکم امتناع جاری نہیں کیا جا سکتا، وکیل نے کہا نگران حکومت پنجاب کے لاء افسران کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتی تھی، نگران حکومت کوئی نئی اہم تقرری نہیں کر سکتی۔ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔