ڈاکوؤں نے متعدد شہریوں کو لوٹ لیا‘ مزاحمت پر 3 کو فائرنگ سے زخمی کر دیا
لاہور (نامہ نگار) شہرکے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے‘ زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے3افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ ڈیفنس سی میں ڈاکوؤں نے عنصر سے 2 لاکھ 70 ہزار لوٹ لئے اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ بادامی باغ میں ڈاکوؤں نے اقرار کو ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور 15 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نشتر کالونی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے عدنان کوزخمی کر دیا اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ گرین ٹاؤن میں چوروں نے سید شفیق کے گھر میں گھس کر 14 لاکھ ‘ زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ ڈاکوؤں نے ہربنس پورہ میں وقار کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 3 لاکھ 60 ہزار‘ زیورات، رائیونڈ سٹی میں منصور احمد کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 2 لاکھ 85 ہزار اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن میں انجم سے 2 لاکھ 74 ہزار 4 سو 42 روپے، نواب ٹاؤن میں کاشف چاند سے گن پوائنٹ پر 1 لاکھ 96 ہزار اور موبائل فون، نواب ٹاؤن میں شاہ خالد کی دکان میں گھس کر ایک لاکھ 85 ہزار اور موبائل فون، سندر میں اورنگزیب سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ 78 ہزار، ڈیفنس سی میں نذیر کی بیکری میں گھس کر گن پوائنٹ پر 96 ہزار 5 سو، ساندہ میں پرویزسے 46 ہزار اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں افضل سے10 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا ہے ۔ چوروں نے لوئر مال سے رفیق، فیکٹری ایریا سے اشتیاق کی کاریں جبکہ اسلام پورہ سے علی احمد، شاہدرہ سے فیضان، ہیئر سے رفاقت علی، چوہنگ سے احسان اللہ، ستوکتلہ سے گلزار احمد، سندر سے حنیف، نشترکالونی سے شہناز علی، کاہنہ سے ضرار احمدکی موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔