• news

قرآن کریم انسانیت کےلئے مکمل دستور حیات ہے:راغب نعیمی 


لاہور(خصوصی نامہ نگار ر)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہ قرآن کریم انسانیت کےلئے مکمل دستور حیات ہے۔آج ہمارے مسائل کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔اسوئہ رسول پر عمل پیرا ہوکر مسلمان کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں” عظمت قرآن کریم“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ قرآن مجید سب سے مقدس اور سب سے عظیم کتاب ہے جو اللہ تعالی کی طرف سے کاروانِ انسانیت کے سب سے آخری اور سب سے عظیم راہنما رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر نازل ہوئی جو ظلم وجَہل کی تاریکیوں میں منارہ نور ، کفروشرک کے تابوت کی آخری کِیل اور پوری مخلوقِ انسانی کیلئے اللہ کی طرف سے اتارا ہوا سب سے آخری اور سب سے جامع قانون ہے۔قرآن کریم جو اللہ رب العزت کا آخری اور ابدی کلام ہے، جس میں تمام انسانیت کی فوز و فلاح اور رشد و ہدایت کا سامان موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے آفاقی احکامات اور عالمگیر تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہوا جائے، زندگی کے ہر شعبے میں اس سے رہنمائی حاصل کی جائے۔رمضان المبارک میں قرآن حکیم نازل ہوا تھا، اس ماہ مبارک میں ہمیں بہترین موقع میسر ہوگا کہ ہم قرآن مجید کی تلاوت کریں، قرآن مجید کا ترجمہ پڑھیں، اس پر غور و فکر کریں اور اس کے احکامات پر عمل پیرا ہوجائیں۔

ای پیپر-دی نیشن