میچ نہ جتوانے پر معذرت ، سیریز جیت جائیں گے : افتخار احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کے باقی ماندہ میچ کھیلنے کیلئے گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئیں ۔ دونوں ٹیمیں آج پریکٹس کریں گے گی جبکہ سیریز کا چوتھا میچ کل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔ میچ رات نو بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔ آل راﺅنڈرافتخار احمد نے تیسرے میچ میں شکست پر قوم سے معافی مانگ لی۔انہوںنے کہا کہ سب پاکستانیوں سے معذرت کرتا ہوں، بہت کوشش کی، میچ نہ جیتنے کا بہت زیادہ افسوس ہوا ہے، ہم یہ میچ جیت سکتے تھے لیکن نہیں جیت سکے اس کیلئے معذرت، دائیں اور بائیں ہاتھ کے کمبی نیشن کی وجہ سے پلان کیا تھا اور اسی وجہ سے نمبر بھی تبدیل کیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں پریشر تو ہمیشہ ہوتا ہے لیکن میں نے اور فہیم اشرف نے چیزوں کو سادہ رکھنے کی کوشش کی، ہم نے یہی پلان کیا ہوا تھا کہ ہم نے اوسط کو نہیں دیکھنا، صرف باﺅنڈریز لگانا تھیں اور ہم میچ جیت سکتے تھے۔، جب بیٹنگ کر رہے تھے مشکل وقت تھا، فہیم اشرف نے دو چھکے مارے تو محسوس کیا کہ جیت سکتے ہیں، جب اوسط زیادہ ہو تو پھر دونوں طرف سے رنز کرنا پڑتے ہیں ۔ جب نسیم شاہ ساتھ تھے تو یہی پلان تھا کہ میں نے ہی فنش کرنا ہے، نسیم باﺅلر ہیں اور فنش بیٹر کو کرنا ہوتا ہے، ، پریشر میچز بیٹرز کیلئے ہوتے ہیں، بیٹر کھڑا ہو تو اس کو ذمہ داری لینا پڑتی ہے ، میں نے ذمہ داری لی اور شاٹ کھیلی۔ میدان میں لوگ جو آوازیں لگا رہے تھے یہ لوگوں کی محبت ہے، جس پر لوگ خوش ہیں اس پر ہم بھی خوش ہیں کیونکہ ہم لوگوں کی خوشی کےلئے کھیل رہے ہیں، کبھی نہیں سوچا کہ سٹیڈیم میں مجھے کیوں آوازیں لگائی جاتی ہیں، جس نام سے پکارا جاتا ہے اس سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہوتا میں خود بھی انجوائے کرتا ہوں، نیوزی لینڈ انٹرنیشنل لیول کی ٹیم ‘ باﺅلنگ اچھی ہے ،وہ آسان ٹیم نہیں ۔ جس طرح ہمارا کمبی نیشن ہے سیریز جیت جائیں گے، باﺅلرز اور بیٹرز فارم میں ہیں، مشکل نہیں ہو گی۔