• news

عید : ملازمین کو پرموشن ، پولیس شہداءکو خصوصی پیکج ملے گا : محسن نقوی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں تمام سیکرٹریز اور کمشنرز کو عملے کی پروموشن کا ٹاسک دے دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سیکرٹریز کو کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں اور اداروں میں عملے کی ترقیوں کے کیسز کو جلد نمٹایا جائے۔ کسی بھی صورت اے سی آرز نامکمل نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے فوراً بعد پروموشن کیسز کا فیصلہ کیا جائے اور حقدار کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے عیدالفطر کی آمد، صفائی وٹریفک کے بہترین انتظامات، زائد کرائے کی وصولی اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو ٹارگٹس دے دیئے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورچارجنگ کے حوالے سے مسافروں کی شکایات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور عیدالفطر کے موقع پر سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے 61 قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے عبدالعلیم خان فاو¿نڈیشن نے دیت اور جرمانو ں کی مد میں قیدیوں کے ذمہ واجب الادا 11 کروڑ روپے ادا کئے۔ محسن نقوی نے جیل ملازمین کیلئے پولیس شہداء پیکیج کی طرز خصوصی پیکیج دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جیل ملازمین کی تنخواہوں کے پیکیج پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن