• news

سیاسی جماعتوں کو انا‘ ضد چھوڑ کر مذاکرات کی طرف آنا چاہئے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بیک وقت سیاسی، آئینی اور معاشی بحران ہے جس نے ہر باضمیر پاکستانی کو پریشان کر رکھا ہے۔ تمام بحرانوں کا حل یہی ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں، شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کے لیے ایک تاریخ پر متفق ہو جائیں۔ ایک تاریخ پر اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہیں۔ لوئر دیر کی تحصیل منڈا میں تقریب افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ امیر جماعت کا کہنا تھا سیاسی جماعتوں کو انا اور ضد سے پیچھے ہٹنا اور باوقار طریقہ کار اختیار کر کے ٹیبل پر بیٹھنا ہو گا، امید ہے کہ سیاسی جماعتیں اگر مل بیٹھیں تو مسئلہ کا کوئی نہ کوئی بہتر حل نکل آئے گا اور انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا ہو جائے گا۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ آئندہ الیکشن میں عدلیہ، الیکشن کمشن اور اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر غیر جانبدارہو جائیں، مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتوں کا قیام ہو اور ایک دن الیکشن ہوں تاکہ ملک خدانخواستہ خانہ جنگی اور فساد کی کسی بھی ممکنہ صورت سے نجات حاصل کرے۔

ای پیپر-دی نیشن