• news

آسمانی بجلی گرنے سے 5 انڈین فوجی ہلاک : بھارت نے حملہ قرار دیدیا ، الزام پاکستان پر 


اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق بھارت نے جی 20 اجلاس کی ممکنہ ناکامی کا ملبہ پاکستان کے سر ڈالنا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز 3 بجے کے قریب ضلع راجوڑی میں ایک فوجی ٹرک میں آگ لگ گئی اور اس حادثے کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی طور پر ٹرک میں فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ آسمانی بجلی کو قرار دیا گیا۔ تاہم شام 6 بجے بھارتی فوج نے حادثے کو نامعلوم دہشتگردوں کی طرف سے گرینیڈ حملہ قرار دے ڈالا جبکہ سات بجے کے بعد بھارتی میڈیا، سابق سرکاری اہلکاروں اور مودی نواز صحافیوں نے دروغ گوئی کرتے حملے کے پیچھے لشکر طیبہ اور دیگر کالعدم تنظیموں کا ہاتھ قرار دے ڈالا۔ اس کے بعد بعض ریٹائرڈ افسروں اور تجزیہ نگاروں نے تو اعلانیہ پاکستان پر الزام لگانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے G-20 ممالک کا اجلاس 21 سے 23 مئی کے دوران سرینگر میں منعقد کروانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس اجلاس کا مقصد عالمی دنیا کو یہ باور کروانا تھا کہ کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بالکل نارمل ہے۔ دوسری جانب امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے پیش نظر بیشتر G-20 ممالک نے اس اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے جس کی وجہ سے مودی سرکار شدید دباو¿ کا شکار ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کشمیریوں کی طرف سے شدید احتجاج اور ہڑتالوں کے خدشات بھی مودی سرکار کیلئے درد سر بنے ہوئے تھے۔ اسی لئے مودی سرکار اب راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو پاکستان کی طرف سے امن کی پیشکش بھی ایک آنکھ نہیں بھائی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی گوا میں SCO کے اجلاس میں ممکنہ شرکت نے بھی بھارت کی پاکستان کو خارجی محاذ پر تنہا کرنے کی کوششوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ بادی النظر میں راجوڑی واقعہ بھی پلوامہ طرز کا خود ساختہ حملہ لگتا ہے اور خودساختہ راجوڑی واقعہ کا مقصد G-20 اجلاس کو سرینگر سے کہیں اور منتقل کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خود ساختہ واقعہ کو جواز بنا کر بھارت پاکستانی وزیرخارجہ کی SCO اجلاس میں شرکت سے بھی معذرت کر سکتا ہے۔

سری نگر (کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوشی کے اس موقع پر معاشرے کے بے سہارا افراد کو ضرور یاد رکھیں۔ مسرت عالم بٹ نے اپنے پیغام میں مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی سنگین حالات سے دوچار ہیں۔ ہمیں غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی تحریک کو مزید توانا کرنا ہو گا تاکہ ہمارے ہماری منزل قریب آسکے۔ جبکہ سری نگر جموں شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد مقصود احمد اور نوید احمد اس وقت جاں بحق ہوئے۔ شاہراہ گڈول علاقے کے قریب ان کا ٹرک ایک بڑے پتھر کی زد میں آ یا۔ دوسری جانب کشتواڑ میں ایک پرسرار دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے امت مسلمہ بالخصوص محکوم کشمیری مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے صاحب ثروت افراد پر زور دیا ہے کہ عید کے پرمسرت موقع پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار افراد کو ضرور یاد رکھیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن