• news

بلاول شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے 4 مئی کو بھارت جائیں گے : دفتر خارجہ 


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرخارجہ بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے بھارت جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کی بھارت میں ہونے والے اجلاس میں شرکت پاکستان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے ساتھ کمٹمنٹ پاکستان کی خطے کے لیے ترجیحات کا عکاس ہے۔ بلاول بھارت کے دورے میں ایس سی او شیڈول کے مطابق ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری چار اور پانچ مئی کو گوا میں وزرائے خارجہ کے ایس سی او اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کی دعوت پر بھارت جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ہم سوڈان کی تشویشناک صورتحال اور وہاں پاکستانی کمیونٹی کی حفاظت اور سلامتی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دفتر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن