زمان پارک میں ممکنہ آپریشن رکوانے کیلئے بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کیساتھ خارج
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی زمان پارک میں عید کی تعطیلات کے دوران ممکنہ آپریشن روکنے کے لیے دائر درخواست ایک لاکھ روپے کے جرمانے کے ساتھ خارج کر دی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں بشریٰ بی بی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہوگا، پہلے بھی عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا۔ پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ عمران خان والے کیس میں لارجر بنچ کیس سن چکا ہے۔ اب ایسی درخواست دوبارہ کیوں دائر کی۔ عدالت کا وقت ضائع ہوتا ہے، آپ چڑاتے بھی ہیں۔