مشکل حالات کا سامنا ہے ، صدر : محنت معاشی بہتری کی عید لائے گی ، وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خبر نگار خصوصی) صدر عارف علوی نے عید الفطرکے موقع پر قوم کے نام پیغام مےں کہا ہے کہ عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالی کے حضور دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے لیے امن وسلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے اور ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے۔ ہم عید کے اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم تقویٰ، پرہیزگاری اور احساس کے یہ جذبات اپنے ساتھ پورا سال لے کر چلیں گے اور معاشرے کو خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس وقت پاکستان کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے اور ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کررہے ہیں۔ ان حالات میں، میں پوری قوم کی توجہ معاف کرنے اور رحم فرمانے والے رب کے احکامات کی طرف دلانا چاہتا ہوں جو ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے اور بخش دینے کا حکم دیتا ہے۔ ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں اور بھول گئے ہیں کہ قیامت کے دن ہم بے بس اور بے کس اللہ کے سامنے کھڑے ہوں گے اور اس سے معافی مانگ رہے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں معافی اور درگزر سے کام لینے کی تلقین کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ "کیا تمہیں یہ پسند نہیں کہ اللہ تمہاری خطائیں بخش دے؟ اور اللہ بہت بخشنے والا، بڑا مہربان ہے "۔ اسی طرح ، حضور نے بھی ہمیں دوسروں پر رحم کرنے اور معاف کرنے کی تلقین کی تا کہ ہم پر رحم کیا جائے اور اللہ ہمیں معاف کردے۔ ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے پاکستان کو درگزر کرنے اور اللہ کے راستے اور سنت رسول پر چلنے کی ضرورت ہے۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو لڑائی جھگڑے اور نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں اور ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتے ہیں، میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں۔ یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار و محبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے۔ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے۔ ہم ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انشاءاللہ ہماری محنت ومشقت ملک وقوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی۔ ہم وطنوں سے گزارش ہے کہ عید کے موقعے پر سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں، وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دنیا بھر کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی عید الفطر کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
پیغامات