جمعتہ الوداع عقیدت و احترام سے منایا گیا ، عید آج
لاہور‘ ریاض‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں آج مذہبی عقیدت اور روایتی جوش و خروش سے عید منائی جا رہی ہے۔ گھروں میں انواع و اقسام کے کھانے بنائے جا رہے ہیں۔ بچوں کی خوشی دیدنی ہے۔ مساجد میں نماز عید کے بعد ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں ہوں گی۔ قبل ازیں گزشتہ روز ملک بھر میں جمعة الوداع مذہبی جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر مساجد میں نمایاں رش دیکھنے میں آیا اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت میں بادشاہی مسجد‘ داتا دربار‘ مسجد شہدائ‘ منصورہ اور دیگر مساجد میں بڑے اجتماعات ہوئے۔ روزہ دار رمضان المبارک کی پرکیف ساعتوں کی رخصتی کے خیال سے آبدیدہ ہو گئے۔ بادشاہی مسجد سمیت نماز جمعہ کے کئی اجتماعات میں خواتین کیلئے پردے کا علیحدہ بھی اہتمام کیا گیا تھا جہاں خواتین کی کثیر تعداد نے جمعة الوداع کی نماز ادا کی۔ دوسری طرف سعودی عرب، ترکیہ، عراق، افغانستان، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں میں گزشتہ روز عیدالفطر منائی گئی۔ جبکہ مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔ سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے عید الفطر کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا کہ ہمیں آپ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہورہی ہے، اللہ ہمارے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور نیک اعمال قبول فرمائے۔ عیدالفطر کے خطبے میں امام مسجد نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبرکا درس دے گیا ہے اس کو قائم رکھو اور اچھے برے کا فرق بتایا اور سمجھایا گیا ہے کہ کسی کے حقوق سلب نہ کرو اور سب کو اپنے برابر سمجھو۔ مزید کہا کہ ح±سن اخلاق رکھو اور معاشرے میں اچھائی کا سبب بنو۔ کیونکہ اتحاد سب سے بڑی مسلمان کی طاقت ہے۔ جبکہ زندگی اللہ کی دی ہوئی امانت ہے اس کو سنوارو۔ زبان، رنگ اور نسل سے اوپر انسانیت ہے۔ توحید پر ایمان رکھو، یہی ایمان کا جزو ہے۔ جاپان، برونائی، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ میں آج عید منائی جا رہی ہے۔
عید آج