• news

بلاول کا دورہ بھارت عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے: فواد چودھری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا بھارت کا دورہ کشمیریوں کی جدوجہد کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر کے معاملے کو دفن کرکے بھارت سے تعلقات بنانا عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ عالمی ایجنڈے کے تحت اس حکومت کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلقات کے حامی ہیں لیکن کسی طور بھی ذیلی ملک نہیں بن سکتے۔ تعلقات برابری کی سطح اور بنیادی معاملات پر تصفیہ کیلئے ہونے چاہئیں۔ پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک کیلئے اہمیت کھو رہا ہے، یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔  علاوہ ازیں فواد چوہدری نے عثمان بزدار کو دوبارہ وزیراعلی پنجاب بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کی ایڈوائس نہیں دوں گا۔ انہوںنے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے ٹکٹس خود چیئرمین پی ٹی آئی تقسیم کر رہے ہیں، انتخابی ٹکٹس پر بہت سے سرپرائز ہیں، کئی لوگوں کو ٹکٹ نہیں دئیے گئے۔ میری اطلاعات کے مطابق پرویزالٰہی، عثمان بزدار کو ٹکٹ دیا گیا ہے، شہبازگل کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ عثمان بزدار کو وزیراعلی پنجاب بنانے کے لئے ایڈوائس نہیں کروں گا۔ میزبان نے سوال کیا کہ کیا عمران خان دوبارہ عثمان بزدار کو وزیراعلی بنائیں گے تو کیا آپ کو حیرت ہوگی؟، جس پر فواد چوہدری نے کہا کہ جی یقینی طور پرحیرت ہوگی لیکن یہ عمران خان کا فیصلہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن