• news

عید پر میو ہسپتال کا دورہ ، گورنر سے ملاقات ، شہدا قوم کے ہیرو ہیں : محسن نقوی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عید کی تعطیلات کے دوران میو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی ایمرجنسی وارڈ میں گئے اور مریضوں کی عیادت کی۔ محسن نقوی نے ساہیوال میں دھکم پیل کے دوران زخمی بزرگ خاتون صغراں بی بی کی بھی خیریت دریافت کی۔ مریضوں اور تیمارداروں کو عید کی مبارکباد دی اور مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کو سراہا۔ محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بھی پوچھا۔ محسن نقوی نے عید کے روز گورنر بلیغ الرحمن سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنر پنجاب کو عید کی مبارکباد دی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہدائے وطن کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ محسن نقوی نے نماز عید الفطر گلبرگ لاہور میں ادا کی۔ نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد ملک وقوم کی ترقی، خوشحالی،استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی۔ محسن نقوی لوگوں سے عید ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے ملتان میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ محسن نقوی نے لودھراں کے قریب کہروڑ پکا چوک پر آئل ٹینکر جھگیوں میں گھسنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن