عیدالفطر صدر نے اسلام آباد‘ وزیراعظم نے لاہور میں منائی‘ حمزہ‘ سلمان شہباز ساتھ تھے
اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد‘ لاڑکانہ‘ کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ این این آئی + اے پی پی) نماز عید الفطر کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ صدر مملکت عارف علوی نے نماز عید فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی۔ نماز عید کے بعد صدر مملکت لوگوں میں گھل مل گئے اور ان سے عید ملے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عید لاہور میں ادا کی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت دیگر نے بھی ان کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ وزیراعظم نے عید کی نماز کے بعد پاکستان کے امن، سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ وزیر اعظم نے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی آزادی اور پوری امت مسلمہ پاکستانی سیلاب متاثرین اور ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھی دعائیں کیں۔ وزیراعظم شہباز شریف عید کی نماز کے بعد لوگوں سے بھی ملے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ سابق صدر آصف زرداری نے نواب شاہ میں نماز عید ادا کی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں عیدالفطر کی نماز ادا کی اور شہدائے جمہوریت کے مزارت پر نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی، جمہوریت کے استحکام اور عوام کی خوش حالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید کی نماز کے بعد اپنے حلقہ انتخاب میں لوگوں اور پارٹی ورکرز سے مصافحہ کیا اور عید کی مبارک باد دی۔ عید الفطر کی نماز میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹر نثار احمد کھوڑو، ایم این اے خورشید احمد جونیجو، ایم پی سہیل انور سیال،جمیل احمد سومرو، اعجاز احمد لغاری بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پولو گرا¶نڈ (باغ جناح) میں عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ انہوں نے ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے لئے دعا کی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے نماز عید الفطر کوئٹہ میں ادا کی جس کے بعد وہ عوام میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔