مجبوراََ اتحادی حکومت کا حصہ بنے ، آئندہ حکومت پی پی کی ، بلاول وزیراعظم ہونگے ، زرداری
نوابشاہ‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) آصف علی زرداری نے کہا کہ مجبوری کے تحت اتحادی حکومت کا حصہ بنے۔ سابق حکومت رہتی تو دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتے۔ آئندہ حکومت پی پی بنائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہوں گے۔ سابق حکمران ٹولہ ملک میں بادشاہت قائم کرنا چاہتا تھا۔ ملکی کی معاشی بدحالی اور بیروزگاری کا اندازہ ہے۔ اقتدار میں آئے تو روزگار دیں گے۔ آپ نے جس طرح میرا ساتھ دیا اب بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کا ساتھ دیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کارکنوں‘ بلدیاتی نمائندوں سے خطاب میں کہا بلاول بھٹو وزیراعظم بننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ یہ ہماری حکومت نہیں بلکہ ہم اس حکومت میں شریک ہیں۔ وزارت خزانہ کا قلمدان ہمارے پاس نہیں ہے۔ تھوڑے تھوڑے فنڈز سب کو ملے ہیں۔ ہمارے پاس جو وزارتیں ہیں ہم ان میں کام کر رہے ہیں۔ ملک کو بچانے کیلئے عمران خان کو نکالا۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپنی زندگی میں بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔ ہماری حکومت آئی تو لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ شہید بے نظیر آباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا۔ طوفانی بارشوں میں ہم نے متاثرین کی ہرممکن مدد کی۔ آصف علی زرداری نے بجلی کے مہنگے بلوں سے نجات کےلئے سندھ کے ہر گھر میں سولر سسٹم لگوانے کے منصوبے کا عندیہ دے دیا۔ سابق صدر زرداری سے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاست اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آصف زرداری نے اس موقع پر کہا کہ سندھ سے غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ کیا جائے۔ سولر سسٹم لگنے سے عوام کو مہنگے بجلی کے بلوں سے نجات مل سکے گی۔ آصف علی زرداری نے نماز عید کے بعد اپنے حلقہ انتخاب کے عوام، کارکنان اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات کی، انہیں عید کی مبارکباد دی۔ دریں اثناء آصف علی زرداری سے زرداری ہاو¿س میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے عید کی مبارک باد دی۔ آصف علی زرداری نے عید کے موقع پر بالو جاقبہ میں اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی۔آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کا وزیراعظم بننے کا خواہشمند نہیں ہے مگر میری خواہش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا وزیراعظم بنے۔