ایف بی آر ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کیلئے کوششیں بڑھائے : اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس مےن معاون خصوصی طارق باجوہ، ریونیو طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر، اور فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے جولائی 2022ءسے مارچ 2023ءکے ایف بی آر کے ریونیو اہداف اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ایف بی آر مالی سال 23 -2022 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور ایف بی آر کو ریونیو کی وصولی کے لیے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ٹیم پر مزید زور دیا کہ وہ ملک میں ٹیکس کے حقیقی امکانات کے حصول کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہتے ہوئے اقتصادی و تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پینگ چنکسو نے پاکستانی عوام اور وزیر خزانہ کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مشترکہ دوستانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستانی عوام کو چینی حکومت کی جانب سے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور متعدد شعبوں میں جاری تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کی قیادت سے پاکستان کو ملنے والے تمام تعاون پر محترمہ پینگ چنکسو، چارج ڈی افیئرز کی کوششوں کو سراہا۔