سوات دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے: خرم گنڈا پور
لاہور (خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سوات سی ٹی ڈی تھانہ پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور سانحہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،انھوں نے کہا کہ 20 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں سی ٹی ڈی تھانہ پر حملہ سے بہت سارے سوالات نے جنم لیا ہے اگر دہشت گردی پر قابو پانے والے ادارے محفوظ نہیں ہیں تو پھر یہاں کون محفوظ ہے؟ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے پاکستان بالخصوص سوات کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بے گناہ عوام دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے عوام میں ایسی قربانیاں دینے کی اب مزید سکت نہیں ہے اس پر ذمہ داران کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے عوام کے جان و مال کا تحفظ کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں ہے ،سوات دہشت گردی کے واقعہ کی جامع انکوائری کی ضرورت ہے اور ملوث دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے ،انھوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں