سوات دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،افتخار علی ملک
لاہور(کامرس رپورٹر )ملک بھر کی کاروباری برادری نے سوات دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جو ریاست دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں۔ منگل کو تاجر رہنماو¿ں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سارک چیمبر آف کامرس کے صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ پوری کاروباری برادری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور مادر وطن سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ایک صفحے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور معاشی بدحالی سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے اور یہ تاریخ کے اہم دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس چیلنج پر قابو پانے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں اور جلد ہی ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے جمہوری نظام کا فروغ، قانون کی عملداری اور امن و امان کی بحالی انتہائی ضروری ہیں۔
افتخار ملک نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ ملک کو اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق چلانے اور ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور مملکت خداداد کو اس کے مقرر کردہ اصولوں کے مطابق چلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم ملک کی ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈال کر ہی اس کو معاشی طور پر آزاد کر سکتے ہیں اور سیکورٹی و اقتصادی چیلنجوں سے نکال سکتے ہیں۔ اجلاس میں شریک اہم رہنماو¿ں میں زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری، سکیٹری اطلاعات ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، خالد تواب، میاں ادریس، شیخ تنویر، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، حسام، حمید اختر چڈھا، غضنفر بلور، بانی سیکرٹری جنرل سارک چیمبر رحمت اللہ جاوید اور دارو خان شامل تھے.