• news

 فرنیچر کونسل کا وفدتجارتی میلے میں شرکت کیلئے روانہ ہوگیا ہے: کاشف اشفاق


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش کے لیے 133 ویں کینٹن تجارتی میلے میں شرکت کے لیے منگل کو روانہ ہو گیا۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ عالمی تجارتی میلہ 1957 سے منعقد کیا جا رہا ہے اور کاروباری مواقع کے حصول کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔ یہ پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی عالمی معیار کی رینج اوردیگر تمام متعلقہ خدمات کی نمائش کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون دیگر ملٹی نیشنل اداروں کے ساتھ مسلسل میٹنگز کریں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ کریں گے تاکہ اس شعبے میں تجارت کو فروغ دینے کے لیے اپنی مصنوعات کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے میں چین کی تقریباً 25 بہترین تجارتی کمپنیوں اور 6 ہزار سے زائد غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت کا امکان ہے۔ اس میں شرکت سے جوائنٹ وینچرز اور پراجیکٹ پارٹنرشپ شروع کرنے کے علاوہ مارکیٹ کی صلاحیت کا تعین کرنے اور مسابقت کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ میاں کاشف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ تمام بڑے ممالک میں سنگل کنٹری ایکسپو کا انتظام کرے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی موثر پروموشن کی جا سکے جو اپنے بہترین معیار کے لحاظ سے عالمی سطح پر اپنے حریفوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو برآمدات کے حجم کو بڑھانے، مختلف شعبوں میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور نئی شراکتیں تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن