اسلام آباد‘ منکی پاکس کے 20 مشتبہ کیس : ٹیسٹ کٹس دستیاب نہیں: وزیر صحت سندھ
لاہور‘ اسلام آباد‘راولپنڈی (نیوز رپورٹر+سٹاف رپورٹر‘ نوائے قوت رپورٹ) اسلام آباد میں منکی پاکس کے 20 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی کے جناح‘ سول ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کر دیئے گئے۔ وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ٹیسٹ کٹس دستیاب نہیں۔ صوبائی وزراءصحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر کی زیرصدارت ڈی جی ہیلتھ دفترمیں منکی پاکس کے حوالہ سے اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، یونیسف سے ڈاکٹر قرة العین، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر یونس، ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر زرفشاں طاہر، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، رجسٹرار یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جنید رشید، ڈاکٹر یداللہ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سے ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر بختیار اور ڈاکٹر عبدالرحمان، بریگیڈئیر وحید، لاہور ایئرپورٹ سے ڈاکٹر سکندر ودیگر حکام نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹرجمال ناصر نے منکی پاکس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہمیں منکی پاکس کے حوالہ سے عوام کوہراساں نہیں کرنا بلکہ درست معلومات فراہم کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کے اندر ہی اس حوالہ سے مسافروں کی سکریننگ کرنی چاہئے۔ تمام اضلاع میں ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے بستروں کو مختص کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں پی سی آر کٹس اور ضروری ٹیسٹنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یکسین کی خریداری کی تجویزبھی زیرغورہے۔ ڈاکٹرجاویداکرم نے کہا کہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ جاری کردیاگیاہے۔ لاہورمیں منکی پاکس کے حوالہ سے بچوں کیلئے چلڈرن ہسپتال اور بڑوں کیلئے جنرل ہسپتال کومختص کردیاگیاہے۔ پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کے 2کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کو منکی پاکس کے حوالہ سے بہت الرٹ رہنا ہوگا اور پنجاب کی عوام کیلئے منکی پاکس کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کررہے ہیں۔ لاہورکے علاوہ پنجاب کے تمام اضلاع میں منکی پاکس کے حوالہ سے ہسپتالوں میں بستروں کو مختص کردیا جائے گا۔ احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایئرلائنز کو گائیڈلائنز بھی جاری کردی گئی ہیں۔کسی فلائیٹ پر مشتبہ منکی پاکس مسافر باہر جانے کیلئے معمول کے راستے استعمال نہیں کرے گا‘ ائرلائین مسافر کی امیگریشن حفاظتی تدابیر کیساتھ کرائے گی جس میں دستانے اور ماسک پہننا لازمی ہے۔
ائرلائین (بی ایچ ایس)کو اپنے سٹیشن منیجر کے ذریعے لینڈنگ سے 3 گھنٹے پہلے آگاہ کرے گی۔ مشتبہ یا کنفرم کیسز/مسافروں کو جہاز کے پچھلے حصے میں منتقل کیا جائے جہاں وہ ایک سیٹ کے وقفے سے بیٹھے ہوں۔
منکی پاکس