• news

مردم شماری : حکومت کا متحدہ کے تحفظات دور کرنے ، بے ضابطگیاں روکنے پر اتفاق 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) مردم شماری پر حکومتی اتحاد کا متحدہ کے تحفظات دور کرنے اور بے ضابطگیاں روکنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اتحادی حکومت میں شامل وفاقی وزراءسے ملاقات کی جس میں مردی شماری سے متعلق تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی وزراءسے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ایم کیو ایم وفد میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ جبکہ حکومتی وفد میں خواجہ آصف، احسن اقبال، سعد رفیق اور چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر ندیم الظفر تھے۔ ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مردم شماری کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا گیا۔ ایم کیو ایم وفد نے حکومتی وفد کے سامنے ادارہ شماریات کی فائنڈنگ کو پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق حکومتی وفد نے جائزے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو تسلیم کیا اور ملاقات میں معاملات کے حل اور مردم شماری میں بے ضابطگیاں روکنے پر اتفاق ہوا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے مردم شماری پر سندھ حکومت کے کردار پر بھی عدم اعتماد کیا۔ اور کہا کہ مردم شماری ہماری بقا کا مسئلہ ہے، کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ادارہ شماریات اور چیف کمشنر کو معاملہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن