• news

کلمہ چوک ری ماڈلنگ ، وزیراعلیٰ کام کی سست روی پر برہم ، تعمیر 5 مئی تک مکمل کریں : محسن نقوی 

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز کلمہ چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کام کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ منصوبہ ہر صورت 5 مئی تک مکمل کریں۔ محسن نقوی نے لبرٹی چوک سے کلمہ چوک تک مین بلیوارڈ کی ری ماڈلنگ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے انڈرپاسز کے تعمیراتی کاموں میں سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور مقرر کردہ ڈیڈ لائن میں پورا منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی کو منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی بی ڈی مین بلیوارڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے روزانہ 3 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی اور ٹریفک کے دباو¿ میں نمایاں کمی ہو گی۔ محسن نقوی نے پاکستان میں منکی پاکس کے 2مریضوں کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت کو الرٹ کردیا ہے۔ منکی پاکس کے علاج کے لئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خصوصی ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر منکی پاکس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر خصوصی وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔ کمیٹی منکی پاکس کے حوالے سے صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی، ایچ ڈی یو اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور بچوں کے لیے دستیاب طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے چلڈرن کمپلیکس میں ایمرجنسی ٹاور کے منصوبے کے لئے فوری پلاننگ اور جلد از جلد پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملتان میں اولڈ ایج ہوم ”عافیت“ کا دورہ کیا اور بزرگوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی فرداً فرداً ہر بزرگ کے کمرے میں گئے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ اپنوں کی بے اعتنائی کی داستان سناتے ہوئے بعض بزرگ مرد و خواتین کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ محسن نقوی نے دلاسہ دیا اور ان کی دل جوئی کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بزرگوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور بزرگ مرد و خواتین سے سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور بزرگوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے گوجرہ میں دھرم کوٹ کے قریب ٹریفک حادثے کے بعد وین میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کمشنر و آرپی او فیصل آباد سے المناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے بھر میں گندم کی غیرقانونی ترسیل اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مختلف اضلاع کی انتظامیہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔


 

ای پیپر-دی نیشن