• news

آرمی چیف کی چینی کمانڈر سے ملاقات ، فوجی تعاون بڑھانے کا اعادہ 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا چین کے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے چین کی فوجی قیادت سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا چین کے سرکاری دورہ کے پہلے روز پیپلز لبریشن آرمی ہیڈکوارٹر میں گارڈ آف آنر پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے چینی فوج کے چاق و چوبند دستے کا جائزہ لیا اور ان کی پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ دیکھا۔ انہوں نے تربیت کے اعلیٰ معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائے گئے پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ آرمی چیف دونوں ممالک کی فوج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنماو¿ں سے مزید ملاقاتیں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن