علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر پولیس سے آج رپورٹ طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک میں گھیراؤ، جلاؤ کے مقدمہ میں گرفتار تحریکِ انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر پولیس سے آج 27 اپریل کو رپورٹ طلب کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگل خان نے علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر ابتدائی سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور نے اپنے وکیل نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے مقدمہ میں نامزد کیا۔ زمان پارک جلاؤ گھیراؤ کے وقت علی امین لاہور میں موجود ہی نہیں تھے جبکہ تھانہ ریس کورس پولیس نے گرفتار ملزموں کے بیانات کی روشنی میں درخواست گزار کو بھی نامزد کر دیا۔