کچے میں 4 ڈاکو ہلاک‘ سنگین جرائم میں ملوث اسحاق جھوبرا کا ٹھکانہ تباہ
لاہور‘ راجن پور (نامہ نگار + این این آئی) پنجاب پولیس کا کچہ کے علاقے میں آپریشن تیز رفتار اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کے ساتھ جاری ہے۔ کٹانی میں اغواء برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور سنگین جرائم کے لیے بدنام اسحاق جھوبرا سکھانی کی کمین گاہ تباہ کر دی گئی۔ اسحاق جھوبرا سکھانی گینگ کا سر گرم کارندہ اور سفاک مجرم ہے۔ 18 ویں روز پولیس فورس نے کچہ کٹانی میں اسحاق جھوبرا کی کمین گاہ کو نظر آتش کر دیا۔ اسحاق جھوبرا اغواء برائے تاوان کے نیٹ ورک کا اہم مہرہ تھا جو کہ قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم کے لیے بدنام بھی تھا۔ پولیس نے کچہ کراچی کا ہزاروں ایکڑ رقبہ کچہ کے جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرتے ہوئے اس میں پولیس کیمپس قائم کر کے ریاست اور قانون کی رٹ کو قائم کر دیا ہے۔ اب تک پولیس نے 7 ڈاکوؤں کو ہلاک، اٹھائیس سے زائد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ اور ٹھکانوں کے سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں بھاری ہتھیار، گولہ بارود اور گولیاں برآمد کی ہیں۔ دریں اثناء کچہ میانوالی میں پولیس ڈاکوؤں کی کمین گاہ میں داخل ہو گئی۔ فائرنگ کے تبادلہ میں 4 ڈاکو ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔