• news

وزیر آباد، غیر قانونی یورپ جانے والے 2 نوجوانوں کی نعشیں وطن پہنچ گئیں

وزیر آباد (نامہ نگار) انسانی سمگلر دو نوجوانوں کی زندگیاں نگل گئے۔ یورپ کے سہانے خواب لئے 19سالہ اظہر محمود، 20سالہ غلام عباس 3ماہ قبل گھر سے روانہ ہوئے تھے۔ دونوں نوجوانوں کی نعشیں وطن واپس پہنچ گئیں۔ وزیر آباد کے علاقہ علی پور چٹھہ کا رہائشی عثمان علی ایجنٹ ہے اور انسانی سمگلنگ کا غیر قانونی مکروہ دھندہ کافی عرصہ سے کر رہا ہے۔ 3ماہ قبل علی پور چٹھہ کے محلہ اسلام کے رہائشی 20سالہ غلام عباس رحمانی اور نواحی علاقہ ورپال چٹھہ کے رہائشی اظہر محمود سے 5لاکھ روپے لیکر عازم سفر ہوئے دونوں مرنے والوں کا ایران بارڈر تک اپنے گھر والوں سے رابطہ رہا، پھر اچانک نمبر بند ہو گئے۔ گزشتہ روز کسی نے فون کر کے اطلاع دی کہ ایران اور عراق کے بارڈر کے درمیان صحرا سے دونوں کی لاشیں ملی ہیں۔ جس پر مرحومین کے والدین پیاروں کی موت کے غم میں نڈھال ہوگئے اور گھروں میں صف ماتم بچھ گیا۔ بدقسمت نوجوانوں کی نعشیں آج ان کے آبائی علاقوں میں پہنچ گئیں اور نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ اہل علاقہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن