• news

ملک کے مختلف حصوں میں آج سے بارشوں کا امکان

 لاہور +اسلام آباد(نیٹ نیوز+خبر نگار) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی۔  آج  سے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ سے اگلے ماہ کے دوران ملک کے کئی حصوں میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 15 سے 30 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ شہر میں کل بوندا باندی کا امکان ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اپریل سے 3 مئی تک بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ آج سے 29 اپریل کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔ پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال، سوات اور دیگر علاقوں میں یکم سے 4 مئی کے دوران مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جب کہ بلوچستان کے کچھ حصوں، ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں 28 اپریل سے2 مئی تک مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن