وزارت تعلیم اورماتحت اداروں میں 5سال کے دوران بھرتیوں کی تفصیلات طلب
اسلام آباد(آئی این پی) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزارت تعلیم اورماتحت اداروں میں 5سال میں ہونے والی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کرلیں،کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں گزشتہ10 سالوں میں ہونے والی بھرتیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں،کمیٹی نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کاپرفارمنس آڈٹ کرنے کاحکم دے دیا۔بدھ کوپارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاا جلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس میںوزارت وفاقی تعلیم سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا۔نور عالم خان نے استفسار کیاکہ آپ لوگوں نیڈی اے سی کیوں نہیں کی،آڈٹ حکام نے کہاکہ ایک 12 اپریل اور ایک 18اپریل کو ڈی اے سی ہوئی ہے، چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ آڈٹ بریف میں ڈی اے سی کا کوئی ذکر نہیں ہے،جب تک بریف میں ڈی اے سی کا ذکرنہیں آئے گا، آڈٹ پیرا کا جائزہ نہیں لیں گے،ہر مہینے ڈی اے سی کیا کریں تاکہ مسائل نہ بنیں۔کمیٹی نے وزارت تعلیم اورماتحت اداروں میں 5سال میں ہونے والی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔چیئرمین کمیٹی نے وزارت حکام سے استفسار کیاکہ ریکروٹمنٹس کا کیا مکینزم ہے،پانچ سالوں میں جتنی بھی ریکروٹمنٹس ہوئی ہیں، تفصیلات کمیٹی کو بتائیں،15دنوں میں ہم نے کمیٹی کی میٹنگ بلانی ہے،ڈی اے سیز کے بغیر کوئی بھی چیز ڈسکس نہیں کروں گا۔ کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں گزشتہ10سالوں میں ہونے والی بھرتیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں ۔رکن کمیٹی وجیہہ قمر نے کہاکہ فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کا پرفارمنس آڈٹ کیاجائے، جس پرکمیٹی نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کاپرفارمنس آڈٹ کرنے کاحکم دے دیا۔کمیٹی نے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن کی 2گرانٹس سے متعلق معاملے کی پارلیمنٹ سے منظوری لینے کی ہدایت کردی۔