شہباز گل پر درج مقدمات کی تفصیل فراہم‘ لاہور ہائیکورٹ نے کیس نمٹا دیا
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے نئے مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور حفاظتی ضمانت کے لئے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست پر پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کے خلاف نئے درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ستار ساحل نے رپورٹ عدالت پیش کر دی۔ جس میں بتایا گیا کہ شہباز گل کسی نئے مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز گل کیخلاف پرانے پانچ مقدمات درج تھے جن میں ایک مقدمہ خارج ہوگیا۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ چار مقدمات میں شہباز گل ضمانت پر ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے پنجاب حکومت کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے بعد دائر درخواست واپس لینے کی استدعا کی عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔