سی ڈی اے کے کری ہائیٹس اپارٹمنٹس 6کروڑ ڈالر میں فروخت کیلئے تیار
اسلام آباد (وقار عباسی/وقائع نگار) وفاقی ترقیاتی ادارے کے کری ہائیٹس اپارٹمنٹس 6کروڑ ڈالر میں فروخت کے لیے تیار ہوگئے۔ سی ڈی اے کو دو ہزار فلیٹس کے لیے 6ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستیں موصول ہو گئیں ۔ سی ڈی اے 15مئی کو نادرا کے ذریعے فلیٹوں کی قرعہ اندازی کرے گا۔ رقم سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ڈالر اکائونٹس میں جمع ہوگی۔ سی ڈی اے کو وفاقی حکومت 18ارب روپے کی خطیر رقم ادا کرے گی۔ کری ہائیٹس کا منصوبہ جو گزشتہ دور حکومت میں نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کے لیے اسلام آباد کے مضافاتی علاقے کری میں شروع کیا گیا تھا وہ اب مکمل طور پر تیا ر ہو گیا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے اس ہائوسنگ سکیم کا تھیم تبدیل کر کے اسے اووسیز پاکستانیوں کے نام سے ری لانچ کیا تھا جس کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بہت مثبت رسپانس ملا ہے۔