قوم کو دہشت گردی کےخلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے:عبدالغفور راشد
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے سوات میں ہونے والی دہشت گردی پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے تعزیت اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ کچھ شرپسند عناصر کی طرف سے سکیورٹی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا ور نفرت انتہائی شرم ناک اور قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو جغرافیائی سرحدوں کے دفاع اورملکی استحکام پر ایک پیج پر ہونا چاہیے۔سیاسی اور عسکری قیادت کے غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی دوبارہ کیوں شروع ہوئی ہے؟۔دہشت گردوں کو پاکستان لاکر بسانے اور ان کی سہولت کاری کیسے کی گئی؟اور اس کے ساتھ جو بیانیہ اس وقت اداروں کے خلاف نفرت کابڑھتا جا رہا ہے، اس کا بھی سدباب کیا جانا چاہیے۔ جو حالات ہیں وہ بہت افسوس ناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔ اس کو روکانہ گیا تو ملک خدا ملک خدا نخواستہ کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔ فوج ملکی دفاع کی ذمہ دار ہے۔پارلیمنٹ کا بھی احترام بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی تحقیقات اور خاتمے کے لائحہ عمل کی تیاری کا بھی مطالبہ کیا۔