• news

وزیراعظم کا اپوزیشن کے بغیراعتماد کا ووٹ ،جمہوریت کےساتھ مذاق ہے:طاہر ڈوگر 


لاہور ( خصوصی نامہ نگار)پاکستان سنی تحریک کے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا اپوزیشن کے بغیراعتماد کا ووٹ لینے کی بات جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔آئین اور جمہوریت کو کسی بند گلی میں نہیں دھکیلنے دیں گے۔ ریاست اور سیاست کو غیر اصولی طریقوں سے کسی صورت نہیں چلایا جا سکتا۔سردار محمد طاہر ڈوگرنے کہا کہ جمہوریت میں انتخابات سے انکارجمہوریت نہیں بلکہ بدترین آمریت کی دوسری شکل ہے۔آئین اور اصول شکنی بعض سیاسی جماعتوں کا وطیرہ بن چکا ہے۔ میثاق جمہوریت کے نام پر کسی کوآئین سے روگردانی کی اجازت نہیں دیں گے۔ سیاسی جماعتیں ملک میں آئینی اور سیاسی بحران کو حل کرنے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور آئینی مسائل کا واحد حل مذاکرات اور بروقت،فوری انتخابات ہیں، جو سیاسی جماعتیں انتخابات سے فرار اختیار کر رہی ہیں درحقیقت وہ اپنی سیاسی قبر کھود رہی ہیں۔ آئین کو اپنا راستہ ہرصورت لینا ہی ہے۔ سپریم کورٹ کے آرڈر کی حکم عدولی کرنا توہین عدالت اور پوری قوم کے جذبات آئینی،سیاسی اقدار اور روایات کی توہین تصور کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن