یہود و نصاریٰ پر انحصار کے باعث ملکی خوشحالی شدید دباو¿ میں ہے:اشرف جلالی
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک و سلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے حالیہ طوفانی مہنگائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا قرآ ن و سنت سے دوری اور یہود و نصاریٰ پر انحصار کی وجہ سے ملکی خوشحالی شدید دباو¿ میں ہے۔ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں اور وزیروں، مشیروں کی فوج ظفر موج قصیدہ خوانی میں مصروف ہے۔ اشیائے ضرورت عوام کی دسترس سے باہر ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ عام لوگ اپنی کمائی دیکھ کر دوائی چھوڑ بیٹھے ہیں۔ اس ملک میں سستا ہے تو صرف ایک انسان کا خون سستا ہے جس کی کوئی قدرو قیمت نہیں۔ خطرہ ہے کہ بھوک سے ستائے لوگ بغاوت پہ نہ اتر آئیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں پے در پے اضافے نے متوسط طبقے کو غریب اور غریب کو خستہ حال کر دیا ہے۔ عمران خان کی طرح موجودہ حکومت بھی معیشت کو سہارا دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے بلکہ حالیہ دنوں میں معیشت مزید بے قابو ہو گئی ہے۔ مہنگائی کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکمران ٹولہ اور مراعات یافتہ طبقہ کو فوری طور پر مفت خوری کے تمام ذرائع سے اجتناب کرنا ہو گا۔ ملکی وسائل کے اندھا دھند اور ناجائز استعمال کو روک کے مہنگائی کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ بھوک کے ستائے ہوئے لوگوں کو خود کشیوں سے بچانے کیلئے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ کفایت شعاری اور جذبہ ایثار سے بھی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔