• news

خریف کے ابتدائی موسم میں پانی کی کمی سے کپاس سمیت متعدد فصلوں کے متاثر ہونے کا خدشہ

فیصل آباد (آئی این پی)پاکستان میں خریف کے ابتدائی موسم میں پانی کی کمی سے کپاس سمیت متعدد فصلوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پاکستان صرف 13 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرسکتا ہے جبکہ 15سے 17ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع ہو جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ملین ایکڑ فٹ پانی کے نقصان سے قومی معیشت کو 1 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی حالیہ میٹنگ کے شرکا ء کو بتایا گیا کہ پانی کے موثر استعمال کے ذریعے ان نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔تاہم پنجاب نے پانی کی کمی سے متعلق رپورٹس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور ارسا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے پنجاب، خیبرپختونخوا ہ اور سندھ کے اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔خریف کا موسم اپریل میں شروع ہوتا ہے اور ستمبر تک جاری رہتا ہے۔ خریف کی اہم فصلیں چاول، گنا، مکئی، ماش کی دال اور سب سے اہم کپاس ہیں۔ارسا کے ترجمان خالد ادریس رانا کے مطابق ہم نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران دریائوں میں پانی کی دستیابی پر موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک اثرات کو دیکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن