ٹی ٹونٹی رینکنگ ‘محمد رضوان کی دوسری ‘بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ جاری کردی۔بھارت کے سوریا کمار یادیو کی بیٹرز میں پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر محمد رضوان بدستور دوسرے اور کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پرموجود ہیں البتہ دونوں کے پوائنٹس میں مزید بہتری آگئی۔پاکستان کے افتخار احمد کی رینکنگ میں 6 درجے بہتری آئی جس کے بعد وہ 39 ویں نمبر پرپہنچ گئے۔ ٹی ٹونٹی بائولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر ہے اور افغانستان کے ہی فضل حق فاروقی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔شاداب خان کی رینکنگ میں دو درجے اور شاہین آفریدی کی ایک درجے تنزلی ہوئی ہے، شاداب 15 ویں اور شاہین آفریدی 16 ویں نمبر پر آگئے۔نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی تین درجے ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر آگئے۔آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور بھارتی بیٹر سوریا کمار یادو کے درمیان فاصلہ 100 سے کم ریٹنگ پوائنٹس کا رہ گیا ہے۔ پاکستانی بیٹر 798 سے 811 پوائنٹس پر پہنچ کر دوسرے نمبر موجود ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم 756 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ افتخار احمد 6 درجے آگے بڑھ کر مشترکہ 38ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ عماد وسیم نے اچھی بیٹنگ کے ساتھ سیریز کے دوران 10.37 کی اوسط سے 8 وکٹیں لیں اور آل راؤنڈرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں 44 درجے ترقی کر کے 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ مارک چیپمین 10 درجہ ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 35ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔آئی سی سی مینز ون ڈے رینکنگ میں کپتان بابراعظم کی بادشاہی برقرار ہے وہ 887 ریٹنگ پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔