پاک سوزوکی کا ایک ہفتے کیلئے پروڈکشن بند کرنے کا اعلان
کراچی (این این آئی) پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے موٹرسائیکل اور کار کا پروڈکشن پلانٹ 2 تا 9 مئی کے دوران بند کرنے کا اعلان کردیا اور اس کی وجہ انوینٹری کی قلت بتائی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آٹو اسمبلر نے اسٹاک فائلنگ میں بتایا کہ اگست 2022 سے پروڈکشن 30 دن سے زائد معطل رہی، اس کی وجہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے درآمدات بشمول سی کے ڈی کےلئے پیشگی اجازت لینے کی پابندی کے سبب بندرگاہ سے کنسائمنٹس کی کلیئرنس شدید متاثر ہوئی اور پارٹس کی قلت ہو گئی۔پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی فروخت جنوری سے مارچ کے دوران گر کر 22 ارب روپے ہو گئی جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 47 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی، کمپنی کو سہ ماہی بنیادوں پر تاریخ کا سب سے بڑا 13 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے میں 46 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا۔