متحدہ کا مطالبہ منظور ، وزیراعظم نے مردم شماری کی خامیاں درست کرنے کا حکم دیدیا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی اور حیدر آباد میں مردم شماری میں خامیوں کی فوری درستگی کے احکامات جاری کر دیئے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت کی وزیر اعظم سے ملاقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایم کیو ایم نے مردم شماری میں کم و زیادہ شمار کیے جانے کے حوالے سے اعدادو شمار بھی وزیر اعظم کو بتائے۔ وفاقی ادارے اور پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے ملکر مسئلے کا قابل قبول حل تجویز کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا ایم کیو ایم کی شکایات کی وجہ سے دیگر بڑے شہروں میں بھی درستگی کی نشاندہی ہو سکی۔ مردم شماری سے متعلق شکایات کو مانتے ہیں۔ حل تلاش کرنا ہے۔ درست مردم شماری ملک و قوم کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے وفد نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ نہ ہمیں کم گنا جائے اور نہ کسی کو زیادہ شمار کیا جائے۔ متحدہ وفد نے صورتحال کے نوٹس لینے اور فوری احکامات پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔