عوام وزیراعظم کیساتھ ، پارلیمان، عدلیہ میں تصادم کا تاثر ملک کیلئے نقصان دہ : شجاعت
اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر وسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ عوام اب بھی وزیر اعظم کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پچھلے کئی ماہ سے ایسے مسائل پر بات چیت ہو رہی ہے جو کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ ناگزیر ہیں لیکن باہر ایسا تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جیسے پارلیمان اور عدلیہ آمنے سامنے آچکے ہیں اور دونوں اعلی اداروں میں شاید کوئی تصادم چل رہا ہے۔ جو لوگ ایسا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ملک کیلئے باعث نقصان ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اسی طرح کا منفی پراپیگنڈا کچھ لوگ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف چلا رہے ہیں۔ انہیں خبردار کرنا چاہیے کہ ایسے نوجوان اپنی کم عقلی اور لاعلمی کی بدولت پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اور اداروں کو ایسے نیٹ ورکس اور گروہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میری زندگی کے سیاسی کیریئر میں آج پہلی مرتبہ محسوس ہو رہا ہے کہ کیوں اور کیسے پارلیمان میں بیٹھے ہر شخص کی کردار کشی کی جاتی ہے اور کس گروہ نے سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے سیاستدانوں، ججوں اور جرنیلوں کے خلاف گالم گلوچ شروع کروائی اور اس کے محرکات کیا تھے۔ لوگوں کی نظروں میں اداروں پر سے اعتماد ختم کروانا اور ریاست پاکستان کو کمزور کروانا مقصود تھا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک ایسا فورم تشکیل دیا جائے جو ملکی اور غیرملکی سطح پر پاکستان کے خلاف عناصر کی نشاندہی کر کے انکے خلاف کارروائی کر سکے۔