• news

سمن آباد انڈر پاس مکمل نہ ہونے پر اظہار نا پسندیدگی ، محسن نقوی سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ کو بروقت پایہ تکمیل تک نہ پہنچانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ داتا دربار پارکنگ پراجیکٹ بروقت آپریشنل کرنے پر محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو شاباش دی اور پی ایچ اے کو لاہور ائرپورٹ پر رن وے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کا ٹاسک دیا۔ اجلاس میں لاہور کی 54 سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ لاہور کی سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ، سائیکل اور بائیکرز ٹریکس بھی بنائے جائیں گے۔ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت لاہور کے چار ماڈل قبرستان چند ہفتے میں مکمل ہو جائیں گے اور صوئے اصل، اصل سلیمانی، بھائی کوٹ رائیونڈ روڈ آہلو ماڈل قبرستانوں کیلئے پانچ بسیں مہیا کی جائیں گی۔ محسن نقوی سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیاءکی ایکسپورٹ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ایران کے دورے اور اصفہان میں ہینڈی کرافٹس نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے ایران کے دورے کی دعوت دینے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ آنے والے وقت میں دونوں ملکوں میں تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو درخشاں اور تابناک دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں 60 فیصد چاول پاکستان سے آتے ہیں۔ چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیاءمیں دو طرفہ تجارت بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔ محسن نقوی نے کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی

ای پیپر-دی نیشن