علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو لیکس کے کیس میں چالان جمع نہ کرایا جا سکا
اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو لیکس کے کیس میں کیس کا چالان تا حال جمع نہ کروایا جا سکا ،عدالت نے چالان جمع کروانے کی ہدایت کر دی ۔تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیولیک کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے کی ۔دوران سماعت تھانہ گولڑہ کی جانب سے کیس کا چالان تاحال عدالت میں جمع نہ کروایا جاسکاتاہم عدالت نے کیس کی سماعت 11 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پولیس کو چالان جمع کروانے کی ہدایت کی، پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف مبینہ آڈیولیک پر تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔سکھر جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو سہولتیں دینے کے الزامات پر سندھ حکومت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق کلہوڑو کو معطل کر دیا۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سکھر جیل کے سپرنٹنڈنٹ اشفاق کلہوڑو اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات سکھر ریجن منور علی شاہ کو ہائی پروفائل قیدی کو سہولتیں دینے کے الزامات پر معطل کر دیا گیا ہے۔ جیل کے سینئر افسران کی معطلی وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور سکھر جیل میں قید ہیں اور سندھ حکومت نے ہائی پروفائل قیدی کے موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال پر کارروائی کی۔ علی امین گنڈاپور تعطیلات کے دوران ملاقاتیں کرتے رہے اور جیل انتظامیہ کی جانب سے انہیں جیل میں غیر ضروری سہولیات دی گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی شہاب صدیقی کو سپرنٹنڈنٹ سکھر جیل کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔