آف شور پٹرول جہاز پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا: ظفر اقبال
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)پاک بحریہ کیلئے تعمیر کیے جانیوالے دوسرے آف شور پٹرولنگ جہاز (OPV)کی تعمیر کے آغاز کی تقریب ڈیمن شپ یارڈ گلاٹی، رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق رومانیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان بحریہ میں آف شور پٹرول جہازوں کے پہلے بیچ (پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک) کی تسلی بخش کارکردگی کے بعد ڈیمن شپ یارڈ میں آف شور پٹرول جہازوں کے دوسرے بیچ کی تعمیر جاری تھی۔ یہ جہاز کثیر المقاصد ہیں جو بحری جنگ کی تمام ڈومینزمیں لڑنے کے لیے جدید ترین الیکٹرانک ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہیں۔ تقریب سے خطاب کے موقع پر مہمان خصوصی نے آف شور پٹرول جہازوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جہاز سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا اور بحر ہند کے علاقے میں پاک بحریہ کے آزادانہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے اقدام میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی بحری جہازوں کو بھی محفوظ سمندری ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار کامیابی سے ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ایم ایس ڈیمن کی پیشہ ورانہ جہاز سازی کی قابلیت اور پاک بحریہ کو جہازوں کی بروقت فراہمی کو سراہا۔ تقریب میں وزارت دفاعی پیداوار پاکستان کے نمائندوں اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے علاوہ ایم ایس ڈیمن نیدر لینڈزاور ڈیمن شپ یارڈ گلاٹی، رومانیہ کے حکام نے شرکت کی۔