سبزہ زار میں پولیس کانسٹیبل کی سابق بیوی کو قتل کر کے خود کشی
لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقے میں پولیس کانسٹیبل نے فائرنگ کر کے سابق بیوی کو قتل اور اس کی بھابھی کو زخمی کر دیا، جس کے بعد اس نے خود کو بھی سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس ٹریننگ سنٹر چوہنگ میں تعینات پولیس کانسٹیبل اویس گزشتہ روز سبزہ زار کے علاقے کھاڑک نالہ، مین بازار میں اپنی سابق بیوی رابعہ کے گھر گھس گیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں رابعہ گولیاں لگنے سے موقع پرہلاک جبکہ اس کی بھابھی رابعہ کلثوم بازو پر گولی لگنے کے باعث زخمی ہو گئی۔ ملزم نے خودکو سر میں گولی مار لی۔ جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ ہے۔