• news

شیخوپورہ میں 318 ٹن، گوجرانوالہ سے 10 ہزار بوریاں گندم برآمد

لاہور؍شیخوپورہ؍ گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) موٹروے پولیس نے شیخوپورہ سے کروڑوں روپے مالیت کی سمگل کی جانے والی 318 ٹن گندم پکڑ لی۔ گندم راولپنڈی، خیبر کے پی  افغانستان سمگل کی جانا تھی۔ خفیہ اطلاع پر موٹروے پولیس نے کارروائی کی۔ تاہم ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے گندم کی سمگلنگ کو روکنے کیلئے محکمہ فوڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل چیک پوسٹیں بھی بنائی ہیں جن کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔گوجرانوالہ میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے قائم کئے چیک پوسٹ نے 10 ہزار سے زائد بوری گندم برآمد کر لی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ناجائز ذخیرہ اندوز کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں جاری رہے گی۔ دریں اثناء فلور ملوں کی جانب سے گزشتہ روز مارکیٹ میں نئی گندم سے تیار کردہ آٹے کی سپلائی شروع ہو گئی ہے۔ لاہور آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی یوسف کے مطابق صارفین کو 20 کلو آٹے کے تھیلا  2580روپے اور 10 کلو آٹے کا تھیلا 1300روپے میں ملے گا جبکہ 80 کلو میدہ فائن کی بوری کی قیمت 12000روپے کی سطح پر برقرار رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن