ڈاکوؤں، چوروں نے متعدد شہریوں کو کروڑوں روپے سے محروم کر دیا
لاہور (نامہ نگار) شہر بھر میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں سے کروڑوں روپے زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے اچھرہ میں شاہد کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر 5لاکھ 16 ہزار، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، کاہنہ میں شہزاد اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 3لا کھ 42ہزار، زیورات اور موبائل فون، لاری اڈہ اختر سے ایک لاکھ 65ہزار اور موبائل فون، سبزہ زار میں سلطان سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، گڑھی شاہو میں ڈاکوئوں نے رشید سے ایک لاکھ 10ہزار اور موبائل فون، ساندہ میں عرفان سے 98 ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں شوکت سے 67 ہزار روپے اور موبائل فون، لیاقت آباد میں اسد سے24 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے رائیونڈ سٹی سونا بھٹی کے گھر سے 17 لاکھ 90 ہزار، زیورات اور دیگر سامان، چوہنگ میں رائے انعام کے گھر سے 10 لاکھ 45 ہزار، زیورات، لائسنسی پستول، گولیاں اور دیگر سامان، نصیر آباد، گلبرگ، ڈیفنس اور شمالی چھاؤنی سے 4گاڑیاں، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ سے رکشہ جبکہ اچھرہ، مصطفی ٹاؤن، نواب ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، ریس کورس، رائیونڈ، شادمان، لوئر مال اور گرین ٹاؤن سے9 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ہیں۔