اسرائیل کیلئے جاسوسی، قطر میں بھارتی بحریہ کے 8سابق افسروں کو سزائے موت کا امکان
دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) قطر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار انڈین نیوی کے 2 کمانڈرز سمیت 8 سابق اہلکاروں کو سزائے موت ہو سکتی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انڈین نیوی کے اعلیٰ ملٹری ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنیندا تیواری سمیت 8 ریٹائرڈ افسران قطر میں الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں ملازمت کر رہے تھے۔ بھارتی بحریہ کے ان آٹھوں سابق افسران کو گزشتہ برس اگست میں قطر کے سٹیٹ سکیورٹی بیورو نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتار ہونے والے 8 نیوی اہلکاروں میں سے دو کمانڈرز تھے۔ قطر کی خفیہ ایجنسی نے ان اہلکاروں کے ڈیجیٹل پیغامات کا سراغ لگایا تھا جس میں اہم قومی راز اسرائیل کو بتائے گئے تھے۔ قطر میں قید بھارتی بحریہ کے ان 8 سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ قطر کے تفتیشی ادارے کی تحقیقات کے مطابق ان اہلکاروں نے اٹلی سے جدید آبدوزیں خریدنے سے متعلق قطر کے خفیہ پروگرام کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کی تھیں۔ اس الزام میں قطر کے انٹرنیشنل ملٹری آپریشنز کے سربراہ سمیت نجی دفاعی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر بھی گرفتار ہیں اور بھارتی نیوی کے آٹھوں افسران بھی اسی کمپنی میں ملازم تھے۔ بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے مقدمے کی سماعت 3 مئی کو ہوگی جس میں ممکنہ طور پر ملزمان کو پھانسی کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔