پنجاب انسٹی ٹیوٹ آ ف نیورو سائنسز میں ہیلتھ پروفیشنلز کے اعزاز میں عید ملن پارٹی
لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ہیلتھ پروفیشنلز کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا میزبان ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود تھے۔ ای ڈی پی آئی این ایس نے عید الفطر کی مناسبت سے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ہمارے مذہبی تہوار ہماری معاشرتی تہذیب کا حسن ہوتے ہیں جس میں ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع ملتا ہے۔ تہوار تہذیب کا حسن، طبی عملے نے جاں فشانی کیساتھ فرائض سر انجام دئیے۔خاص طور پر عید ملن کے موقع پر ہیلتھ پروفیشنلز کا اکٹھے ہونا اور خوشیوں بھرے لمحات کو اجتماعی طور پر گزارنا حقیقی معنوں میں باہمی اخوت اوریگانگت کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔ پروفیسر آصف بشیر، ڈاکٹر خالد بن اسلم، خالدہ تبسم اور ڈاکٹر اسد شاہ کے علاوہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کثیر تعداد میں موجود تھے۔ پروفیسر خالد محمودنے ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس نے عید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کیں اور اپنے پیاروں کے ساتھ ان خوشیوں میں شامل ہونے کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی جو ایک قابل ستائش اقدام ہے۔