سٹاک ایکسچینج میں تیزی ،سرمائے میں 44 ارب45کروڑروپے اضافہ
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میںگزشتہ روز بھی کاروبارحصص میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا اورٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41400پوائنٹس کی سطح کو عبورکر گیا۔ تاہم کاروبار میں تیزی کے باوجودکاروباری حجم گزشتہ بدھ کے مقابلے میں 9.52فیصد کم رہا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 44 ارب45کروڑروپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کی ابتداء اگرچہ 21پوائنٹس کے خسارے کے ساتھ ہوئی تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں نے بینکنگ، سیمنٹ، ریفائنری، ٹیلی کام ، پاور، سٹیل، پراپرٹیز،کیمیکل سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کے اثرات اختتام تک برقرار رہے۔ ایک موقع پر انڈیکس 41500 کی سطح کو عبور کرتا ہوا 41525پوائنٹس تک بھی پہنچا لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے سٹیل،پاور،پراپرٹیز،بینکنگ سیکٹر میں منافع کے حصول کیلئے شیئرز کی فروخت سے انڈیکس ایک بار پھر41500کی سطح سے نیچے آگیا اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس364.33پوائنٹس بڑھ کر41463.91پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس235.36پوائنٹس بڑھ کر41463.91پوائنٹس،کے ایس ای30انڈیکس 73.47پوائنٹس اضافے سے 15367.80 پوائنٹس اورکے ایم آئی30انڈیکس 883.47پوائنٹس بڑھ کر72395.80پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ44ارب 45کروڑ 53 لاکھ 52 ہزار 954روپے بڑھ کر 62کھرب 58 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ39ہزار270روپے ہو گیا۔ شیئرزمارکیٹ میں گزشتہ روز6ارب24کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 16 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار 56 حصص کے سودے ہوئے ۔