پاکستان بیس بال ٹیم رواں برس ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کریگی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر شاہ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود سے ملاقات کی، سید فخر شاہ نے 34 ویں نیشنل گیمز کے انعقاد کے لیے راہ ہموار کرنے پر سیکرٹری پی او اے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ پی او اے کے زیر سایہ کوئٹہ میں نیشنل گیمز کا کامیاب انعقاد ہوگا، پی او اے نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے جو اقدامات کئے ہیں انہیں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، سید فخر شاہ نے سیکرٹری پی او اے خالد محمود کو گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر سیکرٹری پاکستان فیڈریشن بیس بال مظہر شیخ بھی موجود تھے۔پاکستان بیس بال ٹیم رواں برس ایشین گیمز میں حصہ لے گی۔پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر فخر علی شاہ نے کہا کہ ایشین گیمز میں 12ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، پاکستان ایشیا میں 5ویں نمبر پر ہے اس لیے ٹیم دوسرا رائونڈ کھیلے گی جو کہ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا جبکہ پہلا رائونڈ 23ستمبر سے شروع ہو جائے گا۔ اولمپک چیمپئن جاپان ہمارے گروپ میں شامل ہے، ورلڈ نمبر دو تائیوان بھی ایشین گیمز میں ہے، کروناکے بعد انٹرنیشنل ایونٹس کم ملے ہیں اس لیے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھنا پہلی کوشش ہوگی۔