پاکستان نے او آئی سی گروپ کی چیئرمین شپ موریطانیہ کو سونپ دی
اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے نیویارک میں ایک سادہ تقریب میں او آئی سی گروپ کی چیئرمین شپ اپنے موریطانیہ کے ہم منصب سیدی محمد لگیزڈیاف کو سونپ دی۔ اس موقع پر اپنے مختصر ریمارکس میں، منیر اکرم نے موریطانیہ کو مارچ 2023 میں نواکشوٹ، موریطانیہ میں منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے 49ویں کامیاب اجلاس پر مبارکباد دی۔انہوں نے او آئی سی کے تمام رکن ممالک اور نیویارک میں اقوام متحدہ میں او آئی سی کے مستقل مبصر مشن کا سال 2022 کے دوران او آئی سی گروپ کے چیئر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری نبھانے میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران، او آئی سی گروپ نے بیت المقدس کے دفاع میں فلسطین کے کاز کو جاری رکھا۔او آئی سی نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا دن بھی منایا اور اسلامو فوبیا کو روکنے کے لیے ایکشن پلان کے آغاز پر زور دیا۔گروپ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کے منصفانہ مقصد کو فروغ دیا۔