پاکستان روس جنگ میں غیر جانبدار ، یواکرائن کو اسلحہ نہیں دیا : دفتر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ روس جنگ میں غیر جانبدار ہے۔ یوکرائن کو اسلحہ یا گولہ بارود نہیں دے رہا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرائنی فوج کے ایک کمانڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں پاکستان، جمہوریہ چیک اور رومانیہ سے راکٹ مل رہے ہیں۔ ساتھ ہی الزام بھی عائد کیا تھا کہ پاکستان سے آنے والے راکٹ معیاری نہیں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کنسورٹ کیمیلا کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے مئی کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم 5 مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماﺅں کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے اور 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ان تقریبات میں شریک رہنماﺅں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو متحرک پاکستانی- برطانوی کمیونٹی میں مضبوطی سے جڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانوی بادشاہ اور شاہی خاندان کو پاکستان اور اس کے عوام کے دوست کے طور پر دیکھتے ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔
دفتر خارجہ